سکھر شہر،گرد و نواح میں بجلی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ طول پکڑگیا

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر شہر اور گرد و نواح میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ زور پکڑ گیا، روزے داروں، تجارتی و گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ درزی، معتکفین بھی بجلی کی غیر اعلانیہ و طویل لوڈشیڈنگ سے تنگ آکر اذیت سے دوچار ہونے لگے ۔
مختلف سیاسی و سماجی تاجر و مذہبی رہنماؤں نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بڑھنے پر گہری تشویش، حیرت اور پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف مساجد میں اعتکاف میں بیٹھے معتکفین اور درزی کا کام کرنے والے محنت کش بجلی کی طویل بندش سے انتہائی اذیت کا سامنا کررہے ہیں، وہ مساجد جہاں بجلی جانے کی صورت میں کوئی متبال انتظام نہیں وہاں اعتکاف والے افراد بہت پریشان ہیں، دن میں گرمی اور رات میں مچھروں نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کررکھا ہے ، جبکہ درزی جنہوں نے لوگوں سے عید کے کپڑے سلائی کے لئے ہوئے ہیں وہ اپنا کام بجلی بند ہونے کی وجہ سے وقت پر پورا نہیں کرپارہے ہیں ۔ درزیوں اور شہریوں نے حکومت، وفاقی وزیر پانی و بجلی، سیکریٹری آبپاشی اور سیپکو چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان کے باقی دنوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے ، لوگوں کی بددعائیں نہ لی جائیں اور غیر اعلانیہ بجلی کی بندش کا سلسلہ بند کیا جائے ۔