اندرون سندھ،کینال منصوبے کے خلاف احتجاج اور مارچ

حیدرآباد، میہڑ، محراب پور (نمائندگان دنیا) دریائے سندھ پر 6 نہروں کی تعمیر کے منصوبے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
حیدر آباد میں میئر کاشف علی شورو نے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے خوراک عبدالجبار خان کے ہمراہ پیپلز پارٹی حیدرآباد کی جانب سے دریائے سندھ پر 6نہروں کی تعمیر کے منصوبے کے خلاف ڈسٹرکٹ کونسل سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی، جس کی قیادت نثار احمد کھوڑو نے کی۔ قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ پر تعمیر کی جانے والی نہریں نہ صرف غیر قانونی بلکہ یہ سندھ کے عوام کا استحصال ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، دریائے سندھ پر کسی کو بھی کینال نکالنے نہیں دیں گے۔ میہڑ میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ کینالوں کے خلاف بیداری مہم کے سلسلے میں بائی پاس پہنچے ۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سید زین شاہ نے کہا کہ آصف زرداری نے بینظیر بھٹو کی برسی میں کہا تھا کینال نہیں بن رہے ، لیکن میں نے چولستان جا کر ان کے جھوٹ کا پردہ فاش کر دیا ہے۔ محراب پور میں منصوبے کے خلاف عوامی اور سندھیانی تحریک کے مرکزی رہنماؤں صدر وسند تھری، نائب صدر نور احمد کٹیار، لطیف بھٹی، ثنا راجپرو دیگر کی قیادت میں گاؤں نبھورو بھٹی سے بھریا سٹی پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ مقررین کا کہنا تھا منصوبے سے سندھ کی زرخیز زمینیں بنجر ہو جائیں گی۔