گتے اور کپڑے کے ٹکڑے پیک کرنے والی فیکٹری میں آتشزدگی ، فائر فائٹر جاں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر)احسن آباد میں گتے اور کپڑے کے ٹکڑے پیک کرنے والی فیکٹری میں آگ لگ گئی جس پر فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیوں کی مدد سے قابو پالیا گیا۔
آگ بجھانے کے دوران ایک فائٹر شدید زخمی ہوا جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا مگر وہ دم توڑ گیا۔سپرہائی وے پر احسن آباد کے قریب فیکٹری میں آگ لگ گئی، ابتدا میں فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیوں کو آگ بجھانے کے لئے بھیجا گیا لیکن آگ کی شدت دیکھتے ہوئے فائر بریگیڈ کی مزید پانچ گاڑیاں اور ایک باؤزر طلب کیا گیا اور کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ کارروائی کے دوران بلال نامی فائر فائٹر سر پر لوہے کی راڈ لگی جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔چیف فائر آفیسر کے ایم سی ہمایوں احمد کا بتانا ہے کہ آگ پر پانی اور فوم کی مدد سے قابو پایا گیا۔ عمارت کا اسٹرکچر پرانا ہے اور آگ کی وجہ سے شدید متاثر ہوا ہے ، عمارت کی بعض دیواریں بھی گری ہیں۔حکام نے بتایا کہ فیکٹری میں آگ بجھانے کے آلات کا مناسب انتظام نہیں ہے تاہم آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ سہراب گوٹھ، علی ٹاؤن میں مکینیکل ورکشاپ میں آگ بھڑک اٹھی، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق ڈمپرکے مرمتی کام کے دوران آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، کے ایم سی کے دو فائر ٹینڈرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا، واقعے میں ڈمپر ، ورکشاپ میں رکھا جنریٹر اور پنکچر کی دکان متاثر ہوئے ،آگ سے قریب واقع جھونپڑیوں اور دیگر ورکشاپوں کو بچالیاگیا۔