ضلع وسطی میں انسداد تجاوزات کے گرینڈ آپریشن کا اعلان

کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے کی جارہی ہے ۔۔
سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کے باعث راہ گیروں اور تاجر برادری کو شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، شہر کی بہتری کے لیے سڑکوں اور برساتی نالوں پر ہونے والی غیر قانونی تعمیرات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، عدالتی احکامات کی مکمل تعمیل ہوگی اور تجاوزات کے خلاف غیرجانبدارانہ کارروائی جاری رکھی جائے گی،ضلعی انتظامیہ سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس عمل میں شامل رکھنے کے لیے اقدامات کیے ہیں تاکہ انسدادِتجاوزات کے عمل کو بھرپور اور موثر بنایا جا سکے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ عظمی کراچی کے صدر دفتر میں انسداد تجاوزات کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ عظمی کراچی ایس ایم افضل زیدی، ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہ سلیم، مشیر مالیات بلدیہ عظمی کراچی گلزار ابڑو، ضلع وسطی کے لیے میئر کراچی کے نامزد کردہ فوکل پرسن اور سٹی کونسل کے ممبر دل محمد اور دیگر بھی موجود تھے ، اجلاس کے دوران ضلع وسطی میں شروع کیے جانے والے انسداد تجاوزات کے گرینڈ آپریشن کے متعلق حکمت عملی وضع کی گئی اور اس سلسلے میں تمام پہلوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ہدایت کی کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں سڑکوں،برساتی نالوں اور قبرستانوں میں غیر قانونی تعمیرات میں ملوث قبضہ مافیا کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے تاکہ تجاوزات کے خاتمے سے شہر کو منظم او ربہتر بنایا جا سکے ، انہوں نے کہا کہ شہریوں کی روز مرہ زندگی میں رکاوٹیں پیدا کرنا اور شہری سہولیات کو متاثر کرنے والے عمل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا، تجاوزات کے خلاف اس بڑے آپریشن میں ڈپٹی کمشنر وسطی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت سے مفید نتائج برآمد ہوں گے اور شہریوں کو غیر قانونی تعمیرات سے نجات ملے گی۔ میئر کراچی نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن ضلع وسطی تک محدود نہیں رہے گا بلکہ شہر کے دیگر اضلاع میں بھی اس قسم کی کارروائیاں کی جائیں گی، انہوں نے تاجر برادری اور دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ اپنی دکانوں کے آگے فٹ پاتھ اور سڑک پر تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں۔