کینال منصوبے کیخلاف بھوک ہڑتال،انڈس ہائی وے پردھرنا

کینال منصوبے کیخلاف بھوک ہڑتال،انڈس ہائی وے پردھرنا

سکھر، نصیرآباد (بیورو رپورٹ، نمائندہ دنیا) دریائے سندھ پر کینالز کی تعمیر کے خلاف جساف ضلع سکھر کے تحت پریس کلب کے سامنے کارکنان نے علامتی بھوک ہڑتال کی اور سندھ دشمن منصوبوں کیخلاف نعرے لگائے ۔

بھوک ہڑتالی کیمپ کی قیادت عبدالستار زنگیجو، عرفان ملک، طارق احمد گھمرو و دیگر کررہے تھے ۔ رہنماؤں نے خطاب میں کہا کہ دریائے سندھ پر نئی کینالز کی تعمیر سندھ دشمن منصوبہ ہے جس کا مقصد سندھ کے پانی کو دیگر صوبوں کی طرف منتقل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی معیشت زراعت پر ہے ، اگر سندھ کے پانی پر مزید ڈاکا ڈالا گیا تو عوام سڑکوں پر آئیں گے اور سخت مزاحمت کریں گے ۔ وفاقی حکومت کینالز کی تعمیر کا منصوبہ ختم کرے ورنہ احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائیگا۔ نصیرآباد تحصیل بار ایسوسی ایشن کی کال پر متنازع کینالز، کارپوریٹ فارمنگ، پیکا ایکٹ اور 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف انڈس ہائی وے پر شامیانے لگا کر 5 گھنٹے احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس کے باعث ٹریفک معطل ہو گئی۔ دھرنے میں پی پی شہید بھٹو کے مرکزی رہنما ذوالفقار علی بھٹوجونیئر ، صدر لاڑکانہ بار کونسل اطہر عباس سولنگی، جے یو آئی رہنما عابد لاکھو و دیگر سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ ذوالفقار بھٹو جونیئر و دیگر نے کہا کہ متنازع کینال کسی صورت بننے نہیں دینگے، سندھ کے کرپٹ حکمرانوں نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں