ڈاؤ کمپری ہینسیو کینسر سینٹر اور گر لز ہاسٹل کا افتتاح
کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے 6 ارب 40 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے ڈاؤ کمپری ہنسیو کینسر سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے اعلان کیا ہے ۔۔
کہ اس سہولت سے عوام کو زیادہ سے زیادہ مستفید کرنے کے لیے مزید 2 ارب روپے کی لاگت سے تین نئی مشینوں کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی جس کے لیے حکومت سندھ مالی تعاون فراہم کرے گی۔ڈاؤ کمپری ہینسو کینسر سینٹر پاکستان میں اپنی نوعیت کا واحد کینسر سینٹر ہے جہاں ایم آر لینک سائیکلوٹرون سمیت نیوکلیئر میڈیسن کے ذریعے علاج و تشخیص کی تمام سہولتیں ایک چھت کے تلے دستیاب ہیں، ایم آر لینک پاکستان بھر میں صرف ڈاؤ یونیورسٹی میں ہی نصب ہے ۔اس موقع پر ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی ،پرو وائس چانسلرز پروفیسر جہاں آراء حسن اور پروفیسر نازلی حسین نے بھی خطاب کیا۔ افتتاحی تقریب میں سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سربراہ پروفیسر طارق رفیع، سیکرٹری صحت سندھ ریحان بلوچ ودیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ اس کینسر سینٹر سمیت صحت کی جو بھی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں ان کے لیے حتی المقدور فنڈز کی فراہمی جاری رکھیں گے ۔وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کورونا کی عالمی وبا کے دوران ڈاؤ یونیورسٹی کی خدمات سب سے نمایاں رہیں۔