ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹر سائیکل سواروں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم

ہیلمٹ  نہ  پہننے  والے  موٹر  سائیکل  سواروں  کیخلاف  سخت کارروائی کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر، ایجنسیاں) وزیراعلیٰ سندھ نے بائیک رائیڈرز کو ہدایت کی ہیلمٹ پہنو، محفوظ رہو اور ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹرسائیکل سواروں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن جاری ہے ، ٹریفک پولیس کی 9 تا 16 اپریل تک کی پیش رفت رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کردی گئی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہیلمٹ نہ ہونے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 11276 موٹرسائیکلیں ضبط کی گئیں جبکہ فینسی نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں پر831 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔فٹنس نہ ہونے اور اووراسپیڈنگ پر193 ڈمپر اور ٹینکرز تحویل میں لیے گئے ، ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کی فٹنس نہ ہونے پررجسٹریشن منسوخی کی سفارش کی ہے ۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے ، ان فٹ و غیر رجسٹرڈ گاڑیوں پر زیرو ٹالرنس ہے ، فینسی نمبر پلیٹس و کالے شیشے پر فوری چالان کیا جائے۔ دوسری جانب سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ فینسی نمبر پلیٹس، کالے شیشے اور گاڑیوں میں دیگر خلاف ضابطہ ترامیم کے خلاف 831 کارروائیاں کی گئی ہیں، ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز اور لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکلز (LTV) کی 223 گاڑیاں قبضے میں لی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 25 گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں