تاخیر کے شکار کریم آباد انڈر پاس کی نئی تاریخ کا اعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کا اہم ترین منصوبہ کریم آباد انڈر پاس مسلسل تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے شہریوں کیلئے شدید اذیت کا باعث بنا ہوا ہے ۔۔
کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے )نے نئی تاریخ دیتے ہوئے امکان ظاہر کیا ہے کہ رواں برس 30اگست تک کریم آباد انڈر پاس کی تعمیر مکمل کرلی جائے گی ۔تفصیلات کے مطابق کریم آباد انڈر پاس کی تعمیر مسلسل تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے عوام شدید پریشان ہیں اپریل 2023میں شروع ہونے والے کریم آباد انڈر پاس کو اپریل 2025میں مکمل ہونا تھا لیکن تعمیراتی کام میں سست روی اہم منصوبے کے التواء کا باعث بنی ہوئی ہے جس کی وجہ سے رہائشی آبادی اور کاروباری افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ پریشان شہریوں کا کہنا ہے کہ کریم آباد انڈر پاس کی تعمیر کے دوران حکومت سندھ کی کارکردگی کھل کر سامنے آگئی ہے کریم آباد انڈر پاس پر کام کرنے والا عملہ کچھ گھنٹے کیلئے کام کرتا ہے پھر غائب ہوجاتا ہے کوئی اس منصوبے کی نگرانی کرتا دکھائی نہیں دیتا شہریوں نے سوال اٹھایا کہ روزانہ شہر میں ترقیاتی کاموں کے دعوے کرنے والے حکمراں بتائیں کہ آخر کریم آباد انڈر پاس جیسا اہم منصوبہ کیوں تاخیر کا شکار ہورہا ہے ۔ ادھورے انڈر پاس کی وجہ سے نہ صرف اطراف کا کاروبار تباہ ہوچکا ہے بلکہ روزانہ کی بنیاد پر رہائشیوں کو سخت اذیت کا سامنا رہتا ہ۔ے دوسری جانب کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے نئی تاریخ دیتے ہوئے امکان ظاہر کیا ہے کہ کریم آباد انڈر پاس 30اگست 2025تک مکمل کرلیا جائے گاچیف انجینئر کے ڈی اے عبد الصمد کا کہنا ہے کہ فنڈز ملتے رہے تو کے ڈی اے کا یہ سب سے بڑا منصوبہ مکمل کرلیا جائے گا۔ یاد رہے کہ حکومت سندھ نے ٹریفک مسائل کو حل کرنے کیلئے کریم آباد انڈر پاس بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا ،انڈر پاس کے آغاز پر اس کی لاگت 1 ارب 35 کروڑ روپے تھی جو اب بڑھ کر 3ارب 80کروڑ روپے تک جاپہنچی ہے ۔