دن کے اوقات میں بھاری گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی،دفعہ144 نافذ:دوسری بار چالان دگنا جرمانہ ہوگا

دن کے اوقات میں بھاری گاڑیوں کے داخلے پر مکمل پابندی،دفعہ144 نافذ:دوسری بار چالان دگنا جرمانہ ہوگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے شہر میں ٹریفک حادثات پر قابو پانے کے لیے دفعہ 144 کے تحت صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ۔۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹریفک حادثات روکنے کا مشن تیز کردیا گیا۔ کمشنر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ پابندی کا اطلاق تعمیراتی مال بردار ڈمپرز پر بھی ہوگا۔ہیوی ٹریفک کو صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ہیوی ٹریفک پر پابندی کی سفارش ڈی آئی جی ٹریفک کی جانب سے کی گئی تھی۔ کمشنری حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے بجائے ہیوی ٹریفک کو سپرہاوے سے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا براستہ سلپ روڈ چلنے کی اجازت ہوگی، اس کے علاوہ نیشنل ہائی وے سے گودام چورنگی براستہ منظر پٹرول پمپ، یونس چورنگی، داؤد چورنگی سے جام صادق چلنے کی اجازت ہوگی ۔ناردرن بائی سے پراچہ چوک، اسٹیٹ ایونیو، سیمینز چورنگی سے گلبائی ماڑی پور روڈ پر ہیوی ٹریفک کو آمدورفت کی اجازت دی گئی ہے ۔ دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کی زیرِ صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں مختلف فیصلے کیے گئے جس کے مطابق تمام پرائیویٹ گاڑیوں پر اصل اور قانونی نمبر پلیٹس کا استعمال لازمی ہوگا۔ ٹریفک قوانین کی بار بار خلاف ورزی پر ہر اگلی خلاف ورزی پر دوگنا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اوورلوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کو ایک بار چالان کے بعد بھی خلاف ورزی پر ڈبل چالان کیا جائے گا۔ جعلی نمبر پلیٹس تیار کرنے والی ورکشاپس اور افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں