پولیو ویکسین سے انکار کرنیوالے گھروں میں بار بار جانے کی ہدایت:وائرس اب بھی موجود ہے،وزیر اعلیٰ

پولیو ویکسین سے انکار کرنیوالے گھروں میں بار بار جانے کی ہدایت:وائرس اب بھی موجود ہے،وزیر اعلیٰ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پولیو کے خاتمے سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا۔۔

جس میں انہوں نے بتایا کہ سال 2025 میں سندھ سے اب تک پولیو کے چار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 2024 میں 23 اور 2023 میں صرف2کیسز سامنے آئے تھے ۔ انہوں نے اس تناظر میں تمام اضلاع میں بہتر نگرانی اور مؤثر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا تاکہ 21 سے 27 اپریل 2025 تک ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم نیشنل امیونائزیشن ڈیز کو کامیاب بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ساری توجہ اس سال اس بات پر مرکوز ہونی چاہیے کہ ہر بچہ پولیو کے قطرے ضرور پیے ۔اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا ۔اجلاس کے آغاز میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ سندھ میں 2025 کے دوران پولیو کے چار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، یہ تعداد 2024 کے 23 کیسز اور 2023 کے 2 کیسز کے مقابلے میں کمی کو ظاہر کرتی ہے ۔ موجودہ چار کیسز بدین، لاڑکانہ، قمبر اور ٹھٹھہ کے اضلاع میں سامنے آئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے ہر بچے تک رسائی اور والدین کی ہچکچاہٹ پر مؤثر انداز میں قابو پانے کیلئے ضلعی سطح پر قیادت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر انکار کو آگاہی فراہم کرنے اور اعتماد قائم کرنے کا موقع سمجھا جائے ۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ڈپٹی کمشنرز کو فیلڈ میں فرنٹ لائن پر رہ کر یومیہ نگرانی کو یقینی بنانا ہوگا۔اجلاس میں موجودہ پولیو کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جس کے مطابق پاکستان میں 2025 کے اب تک کے کل 6 پولیو کیسز میں سے چار سندھ میں رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ کراچی کے تمام اضلاع سے ماحولیاتی نمونوں کے نتائج تاحال مثبت آ رہے ہیں۔ مسلسل ویکسینیشن مہم کے باوجود وائرس کا پھیلاؤ اہم شہری علاقوں میں جاری ہے۔ ماحولیاتی نگرانی کے نتائج سے شہر کے تمام سات اضلاع میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے ۔ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے ان کمیونٹیز میں مسلسل فالو اپ کی ضرورت پر زور دیا جہاں غلط معلومات یا تصورات کی وجہ سے مزاحمت پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سپروائزرز کے کردار کو مضبوط کرنا ہوگا اور ہر اس گھر پر دو سے تین بار جانا ہوگا جہاں ابتدا میں ویکسین سے انکار کیا گیا تھا۔چیف سیکریٹری سید آصف حیدر شاہ نے تمام انتظامی سربراہوں کو ہدایت دی کہ وہ مہم کی مکمل تیاری، سیکیورٹی کی ہم آہنگی اور ہائی رسک یونین کونسلز کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ ضلع سطح پر \\\"وار رومز\\\" قائم کریں تاکہ مہم کے دوران ریئل ٹائم ٹریکنگ اور مسائل کے فوری حل ممکن بنائے جا سکیں۔وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے تمام افسران اور منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپریل کی پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کا بھرپور ساتھ دیں۔ہر بچے کا یہ حق ہے کہ ہم اس مہم کو کامیاب بنائیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں