ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈائون ، 15 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں ضبط

کراچی (اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن جاری ہے ۔
ٹریفک پولیس نے 9سے 18 اپریل تک کی پیش رفت رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کر دی ہے ۔رپورٹ کے مطابق ہیلٹمٹ نہ ہونے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پر 15217 موٹرسائیکلز ضبط کی گئیں ہیں جبکہ فینسی نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں کی 1124 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 274 ڈمپر اور ٹینکرز کی فٹنس اور اوور اسپیڈ کرنے پر ضبط کی گئیں ۔ٹریفک پولیس نے بڑی اور چھوٹی 25 گاڑیوں کی فٹنس نہ ہونے پر رجسٹریشن منسوخ کرنے کی سفارش کی ہے جبکہ فٹنس نہ ہونے پر 200 بڑی اور چھوٹی گاڑیوں کی رجسٹریشن عارضی منسوخ کی بھی سفارش کی گئی ہے ۔سندھ کے سینئر وزیرشرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کریک ڈاؤن عوام کے جان و مال کے تحفظ اور سڑکوں پر نظم و ضبط قائم رکھنے کے لیے ناگزیر ہے ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔مہم کا مقصد محفوظ، منظم اور قانون پر مبنی ٹرانسپورٹ نظام قائم کرنا ہے ۔دوسری جانب ٹریفک پولیس کی آگاہی ٹیموں نے شہر کے مختلف اضلاع بشمول ساؤتھ، سٹی، ایسٹ، کورنگی اور ملیر میں ٹریفک آگاہی پروگرامز کا انعقاد کیا۔یہ پروگرامز مختلف تعلیمی اداروں، نجی کمپنیوں اور عوامی مقامات پر منعقد کیے گئے ، جن کا مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنا، روڈ سیفٹی کے اصولوں کی تعلیم دینا اور سڑکوں پر نظم و ضبط کو فروغ دینا ہے ۔