عالمی شراکتیں تعلیمی معیار بہتر بنا سکتی ہیں، صوبائی وزیر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی تعلیمی شراکتیں سندھ اور پاکستان کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔۔
۔یہ بات انہوں نے کراچی کے نجی ہوٹل میں دو روزہ ملائیشین ایجوکیشنل ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ایکسپو میں ملائیشیا کے قونصل جنرل حرمن ہارڈیناتا بن احمد نے بھی خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر دونوں مہمانوں نے تعلیم کے فروغ کیلئے اس طرح کی سرگرمیوں کو سراہا اور پاکستان و ملائیشیا کے درمیان تعلیمی روابط کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا،ایکسپو میں ملائیشیا کی 11معروف جامعات کی نمائندگی موجود تھی ہر یونیورسٹی نے اپنا اسٹال قائم کیا، جہاں ان کے نمائندوں نے طلبہ کو مختلف تعلیمی شعبہ جات، اسکالرشپس، داخلے کے طریقہ کار، اہلیت کے معیار اور ملائیشیا میں طالبعلموں کی زندگی سے متعلق معلومات فراہم کیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ اس وقت 2417پاکستانی طلبہ ملائیشیا کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم ہیں جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستانی طلبہ ملائیشیا کے تعلیمی نظام پر اعتماد کرتے ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم نے اعلان کیا کہ حکومت سندھ سرکاری جامعات میں بھی اسی طرز پر بین الاقوامی ایجوکیشنل ایکسپو کا انعقاد کرے گی تاکہ طلبہ کو عالمی تعلیمی مواقع سے روشناس کرایا جا سکے ۔