حقوق کراچی تحریک جاری رہے گی،منعم ظفرخان

حقوق کراچی تحریک جاری رہے گی،منعم ظفرخان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت 17سال سے سندھ پر مسلط ۔۔

کراچی کے اداروں اور وسائل پر قابض ہے لیکن کراچی کو اس کا حق دینے کے لیے تیار نہیں ،جماعت اسلامی حقوق کراچی تحریک جاری رکھے گی اور کراچی کے مسائل کے ساتھ ساتھ اہل غزہ کو بھی نہیں بھولے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، سکریٹری پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی نجیب ایوبی، سینئر ڈپٹی سیکرٹری صہیب احمد، یوسی چیئرمین نعمان حمید بھی موجود تھے ۔انہوں نے مزید کہا کہامیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر 26اپریل کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی، صیہونی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی جاری اور اس مہم کو مزید تیز کیا جائے گا ، قابض میئر کی جانب سے میونسپل چارجز میں ڈیڑھ سو گناہ اضافہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ، کے الیکٹرک کے بلوں کے ذریعے میونسپل چارجز ٹیکس کی وصولی کے خلاف جماعت اسلامی عدالت میں کیس دائر کرچکی ہے ،حکومت ،نیپرا اور کے الیکٹرک کا شیطانی گٹھ جوڑ کراچی کے عوام کو لوٹ رہا ہے ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ اور فارنزک آڈٹ کروایا جائے ،شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی دستیاب نہیں اور دوسری جانب موٹر سائیکل سواروں پربھاری جرمانے لگائے جارہے ہیں۔بھاری جرمانوں کا فیصلہ واپس لیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں