انصاف کی فراہمی بغیر دباؤ ہونی چاہیے ،جسٹس (ر)آغا رفیق
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سابق چیف جسٹس وفاقی شریعت کورٹ جسٹس ریٹائرڈ آغا رفیق احمد خان کی کتاب کی تقریب رونمائی ہفتہ کو کراچی میں منعقد ہوئی ۔
تقریب میں سابق نگران وزیراعظم محمد میاں سومرو، سابق گورنرسندھ معین الدین حیدر، سابق وزیراعلی سندھ سیدغوث علی شاہ، صحافی محمود شام اورجسٹس اقبال حمیدالرحمن و دیگر شریک ہوئے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس ریٹائرڈ آغا رفیق احمد خان نے کہا کہ انصاف کی فراہمی بغیرکسی دباؤ کے ہونی چاہیے ، چاہے کوئی بھی ناراض ہو۔ججز انصاف کے طالب لوگوں کی داد رسی کریں، یہ نہ دیکھیں کہ کون ناراض ہوتا ہے یا کون خوش ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماتحت عدلیہ میں انصاف زیادہ ملتا ہے ۔اعلی عدلیہ میں ماتحت عدلیہ کا حصہ 40 فیصد ہونا چاہیئے ۔سابق اٹارنی جنرل منیر اے ملک نے کہا کہ آغا رفیق احمد خان سے دوستی ہوئی تو میں نے ان کے سامنے پیش ہونا بند کردیا۔سینئر صحافی محمود شام نے کہا کہ اتنے ججز کی موجودگی میں ایک ملزم ہوں۔11 سال تک میرے خلاف ایک مقدمہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت چلتا رہا۔ریاست ہارڈ ہے اور انہوں نے سافٹ امیج دکھایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شکر ہے سوچنے پر کوئی پیکا ایکٹ نہیں آیا۔یہاں بہت عدالتیں ہیں مگر انصاف کہیں نہیں مل رہا۔