ماجو فیکلٹی کیلئے ٹریننگ سیشن،بچت وسرمایہ کاری کی تربیت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) محمد علی جناح یونیورسٹی کی فیکلٹی بزنس ایڈمنسٹریشن کے زیراہتمام الحبیب ایسٹ مینجمنٹ لمیٹڈ کے تعاون سے ’’فیکلٹی ٹریننگ سیشن ‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔
جس کا موضوع’’مالی شمولیت باہمی تعاون اور جدت کے ساتھ ‘‘ تھا۔ سیشن ایس ای سی پی کے فنانشل لٹریسی ویک کے تحت منعقد کیا گیا۔الحبیب ایسٹ منیجمنٹ ساوتھ کے ریجنل منیجر محمد حبیب ارشاد نے کہا کہ سب سے پہلا قدم بچت ہے اور جب تک بچت نہ ہو، سرمایہ کاری کا عمل شروع نہیں کیا جا سکتا۔محمد علی جناح یونیورسٹی کے شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اعظم نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ایسے سیشنز نہ صرف ٹیچر ز ،اسٹاف اور طلبا کیلئے مفید ہیں بلکہ عملی زندگی میں مالی خودمختاری حاصل کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ ہم حبیب ایسٹ مینجمنٹ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے ساتھ یہ قیمتی اشتراک کیا۔الحبیب ایسٹ کے ریجنل منیجر کارپوریٹ محمد رضوان انجم نے کہاکہ آج کے دور میں مالیاتی شعور پیدا کرنا نہایت ضروری ہے ، اساتذہ اور تعلیمی ادارے مالیاتی تعلیم میں فعال کردار ادا کریں تو یہ شعور تیزی سے پھیل سکتا ہے ۔ یہ چھوٹی کاوشیں مستقبل میں بڑے نتائج دے سکتی ہیں۔ا س موقع پر ایریا سیلز منیجر عروج عالم ،فیکلٹی ممبران ،ٹیچرز اور اسٹاف بھی موجود تھے ،محمد علی جناح یونیورسٹی فیکلٹی بزنس ایڈمنسٹریشن کی ڈین ڈاکٹر حنا فاطمہ نے شرکا کو شیلڈ پیش کیں۔