آج سے ہیٹ ویو کی پیش گوئی ، الرٹ جاری
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)کراچی میں آج (اتوار) سے ہیٹ ویو کا امکان ہے جب کہ ہیٹ ویو 23 اپریل تک برقرار رہ سکتا ہے ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے ۔۔
اس دوران سمندری ہوائیں بند رہیں گے اور شہر میں نمی کے تناسب میں اضافہ متوقع ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب جبکہ مطلع صاف رہے گا، آج کم سے کم درجہ حرارت 26.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج 10 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغربی اور جنوب مغربی سمتوں سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے ۔ 21تا 23اپریل کے دوران ہیٹ ویو کا امکان ہے ، سمندری ہواؤں کی بندش اورنمی کاتناسب بڑھنے سے پارہ معمول سے 4 سے 6ڈگری زیادہ ریکارڈ ہوسکتا ہے ۔دوسری جانب طبی ماہرین نے کہا ہے کہ دن میں جب درجہ حرارت زیادہ ہو تو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے کے دوران گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔بیرونی سرگرمیوں کو صبح سویرے اور پھر اس کے بعد میں سورج ڈھلنے پر شام تک محدود رکھیں۔ خود کو ہائیڈریٹڈ رکھیں یہاں تک کہ اگر پیاس محسوس نہیں بھی ہوتی ہے تو بھی مناسب مقدار میں پانی پئیں اور فریش جوس کا استعمال کریں۔اگر دن کے گرم حصّے میں باہر کا کام ناگزیر ہو تو خود کو پُرسکون کرنے کے لیے کاموں کے درمیان آرام کرنے کی کوشش کریں۔ سورج کی خطرناک شُعاعوں سے محفوظ رہنے اور خود کو پُرسکون رکھنے کے لیے ڈھیلا ڈھالا، ہلکا پھلکا اور ہلکے رنگ کا لباس پہنیں۔جلد کو دھوپ سے ہونے والے نقصان سے بچانے کے لیے سن اسکرین لگائیں کیونکہ اگر جلد کو نقصان پہنچے تو اس سے جسم کے درجہ حرارت کو برقرار رکھنے کی صلاحیت کم ہوجاتی ہے ۔ سورج کی روشنی میں جاتے ہوئے چھتری، ٹوپی اور سن گلاسز کا استعمال کریں، آہستہ آہستہ اپنے جسم کو گرمی سے ہم آہنگ کریں۔دھوپ کے اوقات میں باہر ورزش نہ کریں، کسی کو بھی بند جگہ جیسے کھڑی کاریں میں مت چھوڑیں، کیفین والے مشروبات نہ پئیں کیونکہ وہ جسم میں پانی کی کمی کو بڑھاتے ہیں۔اگر گرمی کی لہر کے دوران آپ کو چکر آنے ، کمزوری، بے چینی یا شدید پیاس اور سر درد محسوس ہو تو ایسے میں جلد از جلد کسی ٹھنڈی جگہ پر جا کر ٹھہر جانا چاہیے ۔