مسلم حکمران مسئلہ فلسطین کو بنیاد بناکر متحد ہوجائیں،شہدائے غزہ کا نفرنس

مسلم حکمران مسئلہ فلسطین کو بنیاد بناکر متحد ہوجائیں،شہدائے غزہ کا نفرنس

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی شہدائے غزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائدین نے کہا ہے کہ سکیورٹی کونسل کا اجلاس بلاکر غزہ میں فوری جنگ بندی کروائی جائے ، دنیا میں امن کے لیے اسرائیلی مظالم کا سلسلہ روکا جائے ۔

مسلم ممالک کے حکمران مسئلہ فلسطین کو بنیاد بناکر متحد ہو جائیں۔ غزہ میں جنگ فلسطین کی جنگ نہیں پوری مسلم امہ کی جنگ ہے ۔ پاکستان بطور ایٹمی طاقت مسلم ممالک کی قیادت کرے ۔عوام اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا سلسلہ جاری رکھیں۔ کراچی سے شروع ہونے والی احتجاجی تحریک کا دائرہ ملک بھر میں پھیلائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ سیف اللہ خالد، حماس رہنما ڈاکٹر ناجی ظہیر، صدر مرکزی مسلم لیگ سندھ فیصل ندیم، صدر مرکزی مسلم لیگ کراچی احمد ندیم اعوان، صدر مسلم میڈیکل مشن ڈاکٹر ناصر ہمدانی، رکن مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مفتی یوسف کشمیری، ناظم اعلی اتحاد المدارس پاکستان یحییٰ مجیدو دیگر نے کیا۔ سیف اللہ خالد نے کہا کہ ہم کل بھی فلسطین کے لیے جمع ہوئے تھے اور آج بھی ساتھ کھڑے ہیں۔

مشکل وقت میں غمزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ ہم استقامت کے ساتھ اہل غزہ کے ساتھ رہیں گے ۔ ڈاکٹر ناجی ظہیر نے کہا کہ اہل غزہ کے ساتھ یکجہتی پر اہل پاکستان کا مشکور ہوں۔ اہل غزہ نے اسرائیل کے خلاف مزاحمت میں کمزوری نہیں دکھائی۔ اسرائیل کے مقابلے میں ہمارے حوصلے آج بھی بلند ہیں۔ تمام تر مظالم کے باوجود ہم استقامت کے ساتھ کھڑے ہیں۔فیصل ندیم نے کہا کہ غزہ کے معاملے پر خطابات نہیں عملی اقدام کا وقت ہے ۔احمد ندیم اعوان نے کہا کہ غزہ میں اٹھنے والے جنازے مسلم حکمرانوں کے ہیں جو اس ظلم پر بے بس نظر آتے ہیں۔ڈاکٹر ناصر ہمدانی نے کہا کہ غزہ میں بنیادی ضرورتوں کی شدید قلت ہے ۔ غزہ کی ناکہ بندی کرکے غذائی قلت پیدا کی گئی۔ مسلم میڈیکل مشن نے ہر موقع پر اہل غزہ کی خدمت کی۔ مفتی یوسف کشمیری نے کہا کہ جو مسلمان اہل غزہ کے ساتھ یکجہتی کر رہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔ اسرائیل کے ساتھ دوستی کی بات کرنے والے بزدل ہیں۔ علماء نے مسلم ممالک کے سربراہان پر جہاد کی فرضیت کا فتویٰ دے دیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں