پوپ فرانسس کاغزہ پر موقف لائق تحسین تھا،منعم ظفر

 پوپ فرانسس کاغزہ پر موقف لائق تحسین تھا،منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے رومن کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے انتقال پر کارڈینل ہاؤس میں کارڈینل جوزف کوٹس سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔

ملاقات میں نائب امیرجماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز، جماعت اسلامی منارٹی ونگ کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ، جنرل سکریٹری پرویز برکت، نائب صدر سیموئیل نذیر ودیگر بھی شامل تھے ۔منعم ظفر خان نے پوپ فرانسس کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوپ فرانسس کا عالمی امن اور مذہبی رواداری کے حوالے سے اہم کردار رہا ہے ، انہوں نے اپنے آخری بیان میں بھی غزہ تک امداد کی رسائی کے لیے مطالبہ کیا تھا ان کاغزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف موقف لائق تحسین تھا۔علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر صدارت منگل کو کراچی کے تاجروں کا ایک نمائندہ کنونشن منعقد ہوا جس میں شریک تمام تاجروں نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی، امریکی سرپرستی میں اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کی مذمت اور حکمرانوں کو جھنجوڑنے کے لیے ہفتہ 26اپریل کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت، تمام مارکیٹیں و دکانیں اور کاروبار بند کرنے کا اعلان کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی رکوانے کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرے ۔ منعم ظفر خان نے پریس بریفنگ میں کہا کہ تاجروں نے صہیونی مصنوعات کے بائیکاٹ مہم کا وعدہ بھی کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں