بلدیہ عظمٰی:عیدالاضحیٰ کے موقع پر9عارضی مویشی منڈیوں کی نیلامی کا کام مکمل

بلدیہ عظمٰی:عیدالاضحیٰ کے موقع پر9عارضی مویشی منڈیوں کی نیلامی کا کام مکمل

کراچی (نیوز ایجنسیاں)عیدالاضحی کے سلسلے میں قربانی کے جانوروں کی عارضی مویشی منڈیوں کی نیلامی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت میئرآفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔

 سینئر ڈائریکٹر ویٹرنری افتخار احمد نے اجلاس کو بریفنگ دی اور بتایا کہ شہر میں 9 مویشی منڈیوں کی نیلامی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اس مقصد کے لئے ایوارڈ لیٹرز جلد جاری کیے جائیں گے اور مویشی منڈیاں جلد فعال کر دی جائیں گی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ سہولیات، صفائی اور ٹیکس وصولی میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے ، اجلاس میں میونسپل کمشنر کے ایم سی ایس ایم افضل زیدی PAS، مشیر مالیات گلزار علی ابڑو، سینئر ڈائریکٹر ویٹرنری افتخار احمد اور میئر کراچی کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اخلاق یوسفزئی نے شرکت کی، اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ شہر میں ضلع وسطی میں سنڈے کار بازار 11-D نیو کراچی ،النور سوسائٹی کے ایم سی گراؤنڈ نزد پولیس اسٹیشن سمن آباد، ضلع غربی میں ناردرن بائی پاس سلاٹر ہاؤس سرجانی ٹاؤن، مویشی منڈی کیٹل کالونی سرجانی، ملیر بن قاسم ٹاؤن میں کیٹل کالونی چکن فیڈ مل گراؤنڈ لانڈھی، کورنگی میں مویشی منڈی کورنگی انڈسٹریل روڈ، کیماڑی میں مویشی منڈی بکرا پیڑی لیاری، شرقی میں کیٹل منڈی کے ایم سی گراؤنڈ عقب سفاری پارک گلستان جوہر شامل ہیں۔علاوہ ازیں میئر کراچی نے پولیو ویکسی نیشن مہم کے حوالے سے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں اپنے بچوں کی صحت اور حفاظت کو اولین ترجیح دینی چاہیے ، پولیو جیسے عالمی مسئلے کو روکنے کے لیے یہ ویکسی نیشن نہایت ضروری ہے ، سندھ حکومت نے اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل فراہم کیے ہیں تاکہ ہر بچہ اس خطرناک بیماری سے محفوظ رہے ، شہریوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے گھروں میں آنے والے پولیو ہیلتھ ورکرز کی مکمل مدد کریں اور انہیں بھرپور تعاون فراہم کریں، انہوں نے کہا کہ اگر ہم آج اس مہم میں غفلت یا لاپروائی کریں گے تو کل ہمیں اس کا سنگین نتیجہ بھگتنا پڑے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں