جرائم کی وارداتوں کی سب سے بڑی وجہ بیروزگاری ہے،آئی جی

جرائم کی وارداتوں کی سب سے بڑی وجہ بیروزگاری ہے،آئی جی

کراچی(نیوز ایجنسیاں)آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن نے کہاہے کہ کراچی میں جرائم کی وارداتوں کی سب سے بڑی وجہ بیروزگاری ہے ، سندھ حکومت،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی سنجیدہ کاوشوں کی بدولت اب کراچی میں اسٹریٹ کرائم و جرائم میں واضح کمی آئی ہے ۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے 52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام (سی ٹی پی)کے گیارہ رکنی وفد پر مشتمل افسران نے ملاقات کی۔سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ہونیوالی اس ملاقات میں وفد کی سربراہی ڈائریکٹر سی ٹی پی محمد ادریس کررہے تھے ۔وفدکے شرکا کو ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز نے سندھ پولیس کی جانب سے جرائم کی روک تھام سے متعلق اقدامات،اصلاحات اور وسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔وفد کے شرکا نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سمیت سی پی او کے دیگر اہم شعبوں کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے شرکا کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے ۔اس موقع پر آئی جی سندھ نے کہاکہ ماضی میں کراچی امن و امان کی ابتر صورتحال کی وجہ سے عالمی و قومی سطح پر قابل ذکر تھا۔سندھ حکومت،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی سنجیدہ کاوشوں کی بدولت اب کراچی میں اسٹریٹ کرائم و جرائم میں واضح کمی آئی ہے ۔سندھ اور دیگر صوبوں میں جرائم کی وارداتوں اور ان کی نوعیت میں واضح فرق ہے تاہم پولیس ایک جیسی ہے ۔ سندھ پولیس کے پاس کیسز کی تفتیش کی مد میں خاطر خواہ مراعات دستیاب ہیں۔آئی جی سندھ نے کہاکہ کراچی میں جرائم کی وارداتوں کی سب سے بڑی وجہ بیروزگاری ہے ۔جرائم کے خلاف کچے کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری ہیں۔سندھ پولیس کی کچہ میں جرائم کے خلاف کاوشوں کو متعدد پلیٹ فارمز پر سراہا گیا ہے ۔آئی جی سندھ نے کہاکہ سندھ پولیس نے ملک کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے شہریوں کو ہنی ٹریپ کے جال کے ذریعے اغوا ہونے سے بچایا ہے ۔ کامیاب اور نتیجہ خیز پولیسنگ کے لیئے اصلاحات متعارف کرنے اور استعداد کار کو تقویت دینا مرکز نگاہ ہے ۔غلام نبی میمن نے کہاکہ ہمیں اپنے کرمنل جسٹس سسٹم کو وکٹم فرینڈلی بنانے کی جانب توجہ مبذول کرنی چاہیے ۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ ورکس،ڈی آئی جیز اسٹیبلشمنٹ،ہیڈکوارٹرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں