گلشن حدید میں کارشوروم مالکان کی شٹرڈاؤن ہڑتال
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسٹیل ٹاؤن تھانے کے علاقے گلشن حدید میں کار شوروم کے مالک خان عالم کے قتل کے واقعے کے خلاف شوروم مالکان کی جانب سے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ۔ تاجروں، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور مذہبی شخصیات نے ڈسٹرکٹ پریس کلب ملیر کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کرکے وہاں فاتحہ خوانی کی ۔
جمعیت علماء اسلام کے رہنما قاری حمداللہ حقانی، کونسلر دوست محمد، سابق نائب ناظم عطائاللہ خان، مولانا محمد اکبر، مولانا احسان محسود، مولانا گل نبی شاھ، حاجی بانوت خان سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ملیر کے دو تھانوں بن قاسم اور اسٹیل ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں روزانہ بڑھتی ہوئی بدامنی پر تشویش کا اظہا رکرتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اس بدامنی کو کنٹرول کرنے میں دونوں تھانوں کی پولیس ناکام ہوچکی ہے ہم گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس ایس پی ملیر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر مقتول خان عالم کے قاتلوں کا گرفتار کیا جائے اور واردات میں ملوث میزان بینک کے اسٹاف کو بھی گرفتار کرکے صاف و شفاف تحقیقات کی جائے اگر انہوں نے 72 گھنٹے کے اندر ملزمان گرفتارنہیں کیے تو ہم اسٹیل ٹاؤن قومی شاہراہ بلاک کر دیں گے ۔