ببرلومیں سماجی کارکنوں کی وین الٹ گئی، 3جاں بحق

پڈعیدن، لاڑکانہ، محراب پور(بیورورپورٹ ،نمائندگان دنیا)اندرون سندھ فائرنگ کے واقعات اور حادثات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ۔۔
پڈعیدن کے نواحی گاؤں محمد ابراہیم جٹ میں زرعی زمین کے تنازع پر ظفر اقبال جٹ نامی ماموں نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے دو سگے بھانجوں بلال منیر اور علی حسن کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی وجہ تین ایکڑ زمین پر جھگڑا تھا۔ لاشیں گھر پہنچنے پر والدہ پر غشی کے دورے پڑے ۔ لاڑکانہ کے تھانہ سول لائن کی حدود میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 50 سالہ دیدار علی ابڑو کو قتل اور 25 سالہ اظہر علی ابڑو کو زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے ، تاہم واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوا۔ محراب پور کے درس تھانہ کی حدود میں طارق پیٹرول پمپ کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں نوجوان سید محسن شاہ جاں بحق ہو گیا۔ علاوہ ازیں درس شہر میں ہوٹل پر بیٹھے نوید بھان کو کلہاڑی سے زخمی کر دیا گیا، جبکہ سونہری فارم کے قریب ارشد علی چانڈیو اور دیگر کو ڈنڈوں سے زخمی کیا گیا۔ دونوں واقعات کی بنیاد پرانی دشمنی اور اراضی کا تنازعہ بتایا گیا۔ ببرلو میں جاری نہری تنازع پر دھرنے کے لیے کھانا لے جانے والی وین لاڑکانہ کے قریب الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 11 سالہ امام بخش، 18 سالہ محمد عظیم اور 24 سالہ حبدار شاہانی جاں بحق جبکہ 15 سماجی کارکن زخمی ہو گئے ۔ حادثے کے بعد علاقے میں سوگ چھا گیا اور مختلف سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی۔ نصیرآباد میں جائیداد کے تنازعے پر دکاندار وحید مسن کو چھوٹے بھائی ماجد مسن نے پستول سے گولیاں مار کر قتل کر دیا ۔ پولیس کے مطابق دونوں بھائیوں میں کافی عرصے سے جائیداد کا تنازعہ چل رہا تھا۔