بھارتی آبی جارحیت کے خلاف مختلف تنظیموں کا احتجاج
میرپورخاص ،اندرون سندھ (بیورو رپورٹ، نمائندگان دنیا) میرپورخاص میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے تحت بھارت کی آبی جارحیت اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔۔
، مظاہرین نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور عالمی اداروں سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کی قیادت ڈویژنل صدر شعیب سندھی، فرحان بابر اور دیگر رہنماؤں نے کی۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ بھارت کی جانب سے آبی جارحیت دراصل پاکستان کی سالمیت پر حملے کے مترادف ہے ۔ اگر مودی سرکار نے اپنی ہٹ دھرمی ترک نہ کی تو پاکستانی قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر دشمن کو منہ توڑ جواب دے گی۔ سکھر میں جامعہ محمودیہ قریشی گوٹھ کے مہتمم حافظ غلام اللہ بروہی نے احتجاج کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو امن کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا اور کہا کہ بھارت کا اقدام غیرذمہ دارانہ، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان کسی اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کرے گا۔ پاکستان سنی تحریک کے رہنما علامہ نور احمد قاسمی نے اپنے ردعمل میں پہلگام حملے کو \"ڈرامہ\" قرار دیا۔ انہوں نے عالمی اداروں سے بھارتی انتہا پسندی اور دہشتگردی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔