فیشن ڈیزائنر نومی انصاری کیخلاف ٹیکس فراڈ مقدمے کی کارروائی معطل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے معروف فیشن ڈیزائنر نومی انصاری کے خلاف ٹیکس فراڈ مقدمے کی کارروائی معطل کردی۔۔
سندھ ہائی کورٹ نے فیشن ڈیزائنر نومی انصاری کے خلاف ٹیکس فراڈ کے مقدمے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کمشنر ان لینڈ ریونیو نے عدالت کے عبوری حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا۔ اس سے قبل درخواست گزار کے احاطے پر غیر قانونی چھاپہ مارا گیا اور جگہ کو سیل کر دیا گیا، جسے بعد ازاں عدالت نے معطل کر دیا تھا۔ وکیل کا مزید کہنا تھا کہ بعد ازاں دوبارہ نوٹس بھیجے گئے ، جنہیں عدالت نے معطل کیا، مگر اپیل کی قانونی مدت مکمل ہونے کا انتظار کیے بغیر ہی مقدمہ درج کر دیا گیا، یہ مقدمہ بدنیتی پر مبنی ہے اور معطل شدہ نوٹس کے مندرجات کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے ، حالانکہ نوٹس کے خلاف اپیل تاحال اپیلیٹ ٹربیونل میں زیر سماعت ہے ۔عدالت نے مقدمے پر مزید کارروائی روکنے اور ان لینڈ ریونیو حکام اور دیگر فریقین کو درخواست گزار کے خلاف کسی بھی سخت اقدام سے بھی روکتے ہوئے آئندہ سماعت پر مقدمہ درج کرنے والے افسر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے تاکہ وہ عدالت کے سامنے اپنی وضاحت پیش کر سکیں۔