حکومت بھارت کو اس کی زبان میں جواب دے ، منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی کے وسائل یہاں کے عوام پر خرچ ہوں تو شہر ترقی کرے گا ۔۔
اور ملک آگے بڑھے گا۔ کراچی صوبے کو بانوے فی صد ٹیکس دیتا ہے ، شہریوں کا حق ہے کہ انہیں وسائل سے حصہ دیا جائے ۔ گلشن اقبال ٹاؤن آفس میں مرحوم ملازمین کے ورثا کو گروپ انشورنس چیکس تقسیم کیے گئے ۔ منعم ظفر نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے اداروں کو دیانتداری سے چلانے کی بنیاد رکھی اور ملازمین کے لیے گروپ انشورنس اور میڈیکل پالیسی متعارف کرانا ایک اہم قدم ہے ۔دوسری جانب 26 اپریل کو اہلِ غزہ سے یکجہتی کے لیے شہر بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کے حوالے سے امیر کراچی منعم ظفر، امیر ضلع شمالی طارق مجتبیٰ اور دیگر رہنماؤں نے مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے ملاقاتیں کیں۔ جیوموبائل مارکیٹ، صرافہ بازار، فردوس شاپنگ سینٹر، بلدیہ مارکیٹ، اور اقبال مارکیٹ سمیت مختلف تجارتی تنظیموں نے ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ادھر منعم ظفر نے کہا کہ اسرائیل کے مظالم اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بھارت کو اس کی زبان میں جواب دے اور اسرائیلی مصنوعات کا سرکاری سطح پر بائیکاٹ کیا جائے ۔ان کاکہناتھاکہ پاکستانی عوام 26 اپریل کو یک زبان ہوں گے ۔ منعم ظفر نے کہاکہ ہمارے حکمرانوں نے امریکہ کی بیڑیاں پہنی ہوئی ہیں اور اپنے آپ کو فروخت کردیا ہے ۔ اگر آج حکمران کھڑے نہیں ہوں گے تو وہ دن دور نہیں جب ان کا محاسبہ ہوگا۔