بھارت کے خلاف پابندیاں لگانے کا وقت آ گیا ،جسٹس (ر)وجیہہ
کراچی (این این آئی) عام لوگ اتحاد کے بانی جسٹس (ریٹائرڈ)وجیہہ الدین احمد نے پاک ایران سرحد پر دہشت گردی کی حالیہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان کے اقدامات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے ۔
اپنے جاری بیان میں جسٹس (ر)وجیہہ الدین احمد نے کہا کہ دہشت گردی کی ان کارروائیوں کو بھارت کی جانب سے منظم اور اسپانسر کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ سیاسی اختلافات کو پس پشت میں ڈالتے ہوئے قومی سلامتی اور خودمختاری کے معاملات میں قوم کو متحد ہونا چاہیے ۔انہوں نے ’’دستگیر بلوچ‘‘کے نام سے کام کرنے والے اشوک چترویدی کی مبینہ گرفتاری پر کہا کہ یہ گرفتاری ہماری سکیورٹی ایجنسیوں کی ایک قابل تحسین کامیابی ہے ،اس پیشرفت نے بھارت کے بدنیتی پر مبنی ایجنڈے اور خطے کو غیر مستحکم کرنے اور پاکستان کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی اس کی مذموم کوشش کو بے نقاب کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے طور پر ہم سمجھتے ہیں کہ کسی بھی جارحیت یا بیرونی طور پر مسلط کردہ دہشت گردی کے خلاف ریاست کے ساتھ کھڑا ہونا ہماری قومی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کا سنجیدگی سے نوٹس لے، بھارت کے خلاف پابندیاں لگانے کا وقت آ گیا ہے ۔