انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات تاخیر کا شکار ، طلبا پریشانی میں مبتلا

انٹر  میڈیٹ  کے  سالانہ  امتحانات  تاخیر  کا شکار  ،  طلبا  پریشانی  میں  مبتلا

کراچی (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک) انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات تاخیر کا شکار ہے ، جس سے طلبا پریشانی میں مبتلا ہیں تاہم ذرائع انٹربورڈ کا کہنا ہے ۔۔

کہ مئی کے پہلے ہفتے میں انٹر کے امتحانات کا شیڈول جاری ہوگا۔تفصیلات کے مطابق انٹر امتحانات ، امتحانی شیڈول اور مراکز کو تاحال حتمی شکل نہ دی جاسکی، مستقل چیئرمین کراچی انٹربورڈکی عدم تعیناتی سے امتحانی اورانتظامی امور شدید متاثر ہے ۔چیئرمین میٹرک بورڈغلام حسین سوہونویں اور دسویں کے امتحانات میں مصروف ہیں ، غلام حسین سوہو کو انٹر بورڈ چیئرمین کی اضافی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ توقع ہے کہ یہ امتحانات اب مئی کے دوسرے ہفتے میں منعقد ہوں گے تاہم حتمی تاریخ کا اعلان محکمہ تعلیم یا بورڈ انتظامیہ کی جانب سے تاحال سامنے نہیں آسکا ہے ۔خیال رہے سندھ بھر میں 28 اپریل سے گیارہویں و بارہویں جماعت کے امتحانات کا آغاز ہونا ہے تاہم اب تک طلبا کو تاحال نا امتحانی شیڈول ملا نہ ایڈمٹ کارڈ فراہم کیے جاسکے ہیں جبکہ شہر بھر میں کتنے اور کون سے امتحانی مراکز قائم ہوں گے فیصلہ نہیں ہوسکا۔ امتحانات میں تاخیر نتائج میں بھی تاخیر کا سبب بنے گی، جس سے جامعات کے داخلوں اور سیشن کے آغاز میں بھی تاخیر ہوگی۔ دوسری جانب حکومت سندھ کے محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نے انٹر سال اول 2024 کے سالانہ امتحانات دینے والے طلبہ کو 15 اور 20 فیصد گریس مارکس دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سے نوٹیفکیشن صوبائی کابینہ کی جانب سے 15 اپریل کو منعقدہ اجلاس میں دی گئی منظوری کے ضمن میں جاری کیا گیا ہے جس کا اطلاق انٹر سال اول امتحانات 2024 پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ فیکیلٹیز پر ہوگا۔اس حوالے سے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا ہے ۔محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے سیکشن افسر برائے بورڈز شریف الدین کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں چیئرمین انٹر بورڈ کراچی سے کہا گیا ہے کہ صوبائی کابینہ نے خصوصی کمیٹی کی جانب سے انٹر سال اول کے طلبہ کو کیمسٹری میں 20 فیصد جبکہ ریاضی اور فزکس میں 15/15 فیصد مارکس دینے کی منظوری دی تھی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں