لڈو کھیلتے ہوئے خونریز جھگڑا، 11سالہ بچے نے دوست کی جان لے لی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سائٹ سپر ہائی وے جنجال گوٹھ میں لڈو کھیلتے ہوئے معمولی جھگڑا خونریز تصادم میں بدل گیا چھریوں کے وار سے 14 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے 11 سالہ قاتل لڑکے کو گرفتار کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کی حدود جنجال گوٹھ میں بچوں کے درمیان لڈو کھیلتے ہوئے جھگڑا ہوا۔ سبزی منڈی چوکی انچارج کامران کے مطابق مقتول 14 سالہ ابوبکر ولد یارزمین خان نے جھگڑے کے دوران علی اختر نامی لڑکے کو تشدد کا نشانہ بنایا، جس پر علی اختر نے اپنے پاس موجود تیز دھار آلے سے ابوبکر پر حملہ کر دیا جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس موقع پر کارروائی کرتے ہوئے علی اختر ولد افضل کو گرفتار کر لیا ہے ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول اور ملزم دونوں دوست تھے اور ایک ہی محلے کے رہائشی تھے اور مبینہ طور پر لڈو پر 200 روپے کی شرط لگانے پر جھگڑا ہوا۔