تیل،گیس کی چوری کے لیے کنویں کی کھدائی کے دوران ایک شخص دم گھٹنے سے ہلاک

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شاہ لطیف ٹاؤن ملیر ندی بند کے قریب پلاٹ میں تیل یا گیس کی مبینہ چوری کرنے کے لیے کنویں کی کھدائی کے دوران ایک شخص مبینہ طورپردم گھٹنے سے ہلاک ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق مدد گارون فائیو پولیس کی اطلاع پر متعلقہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے فوری طور پر ریسکیو اہلکاروں کو موقع پرطلب کرلیا۔پولیس کو کنویں کے باہر سے گیس سلنڈر اور لائن میں کنکشن لگانے کے لئے آلات ملے جب کہ علاقے میں گیس کی بو بھی پھیلی ہوئی ہے ۔ریسکیو اہلکاروں نے کنویں میں اندر جانے کی کوشش کی تاہم انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، واقعے کی اطلاع ملنے پر پارکو اور سوئی گیس کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے ۔پولیس نے بتایاکہ پارکو حکام کے مطابق کنوئیں کی جگہ سے ان کی لائن دور ہے ، پلاٹ کے باہر سے 2گاڑیاں اور موٹرسائیکل بھی ملی ہے ۔پولیس حکام نے بتایا کہ کنویں میں اترنے اور چڑھنے کے لئے سیڑھیاں بھی بنائی گئی تھیں۔پولیس حکام نے بتایا کہ کنویں میں موجود لاش کو اس کے ساتھیوں نے نکالنے کی کوشش بھی کی لیکن لاش نکالنے میں ناکامی پر ساتھیوں نے 15 پر کال کی اور فرار ہوگئے ۔انہوں نے بتایا کہ سوئی گیس حکام کی جانب سے گیس کی سپلائی بند کردی گئی ہے لیکن بو زیادہ ہونے کی وجہ سے کنویں میں موجود لاش کو نہیں نکالا جا سکا ہے ۔پولیس حکام کے مطابق ریسکیو حکام اور متعلقہ اداروں کا عملہ موقع پر موجود ہے اورانتظارکیا جا رہا ہے گیس کی بو ختم ہو جائے تو کنویں سے لاش کو نکالاجا سکے ۔