پارک کی زمین پر تعمیرات کے خلاف حکم امتناع جاری

پارک کی زمین پر تعمیرات کے خلاف حکم امتناع جاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے شاہ فیصل کالونی میں پارک کی زمین پر تعمیرات کے خلاف حکم امتناع جاری کردیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے شاہ فیصل کالونی کے قائداعظم پارک کی زمین پر مبینہ قبضے کے خلاف دائر درخواست پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے تجاوزات کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ 22 مئی تک تجاوزات ختم کرکے رپورٹ پیش کی جائے ۔ درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ قائداعظم پارک پر نامعلوم افراد دیوار بنا کر غیر قانونی تعمیرات کر رہے ہیں جب کہ ڈی جی پارکس، کمشنر کراچی اور دیگر حکام کو شکایت کے باوجود کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ وکیل نے مزید کہا کہ کے ایم سی نے مذکورہ پارک کا کنٹرول ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کو منتقل کیا تھا۔ درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول آرڈننس کے تحت رفاعی پلاٹ کو کسی اور مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا اور سپریم کورٹ کے بھی کئی فیصلے موجود ہیں جن میں رفاعی زمینوں پر کمرشل سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ قائداعظم پارک میں ہونے والی تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کو ختم کر کے زمین کو اصل حالت میں بحال کیا جائے اور کے ایم سی، کمشنر کراچی، پولیس و دیگر حکام کو تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کا حکم دیا جائے ۔ فریقین کو پارک کی زمین کسی بھی اور مقصد کے لیے استعمال کرنے سے روکا جائے ۔ درخواست چیئرمین یوسی 2 الفلاح شاہ فیصل ٹاؤن سیف الدین کی جانب سے دائر کی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں