آن لائن ٹیکسی سروسز کیلئے ایک نظام ، ای وی ٹیکسی لانیکا فیصلہ

آن لائن ٹیکسی سروسز کیلئے ایک نظام ، ای وی ٹیکسی لانیکا فیصلہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)حکومت سندھ نے شہرقائدمیں چلنے والی تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کیلئے ایک ہی نظام میں لانے اور ای وی ٹیکسی لانچ کرنے کے لئے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔

 سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اہم اجلاس کراچی میں ہوا، اجلاس میں وزیر اعلٰی کے خصوصی معاون برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ قاسم نوید قمر نے خصوصی شرکت کی ۔ اجلاس میں نئے موٹر وہیکل انسپیکشن سینٹرز کے قیام میں پیش رفت اور کراچی میں قائم موٹر وہیکل انسپیکشن سینٹرز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عوام کو آسان اقساط پر ای وی ٹیکسی گاڑیاں فراہم کرنے کے مختلف ماڈلز پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کو اسکوٹیز کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہاکہ کراچی کے شہریوں کو معیاری، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے ، ای وی ٹیکسی سروس کے آغاز سے نہ صرف شہر کا ٹیکسی نظام بہتر ہوگا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی واضح کمی آئے گی۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہریوں کے لیے ڈبل ڈیکر بسز رواں سال جون تک پہنچ جائیں گی، جبکہ نئی بسوں کی ایک بڑی کھیپ جون کے آخر یا جولائی کے اوائل میں متوقع ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں