سب سے بڑی بیماری مرعوبیت اور احساس کمتری، ذوالفقار چیمہ

سب سے بڑی بیماری مرعوبیت اور احساس کمتری، ذوالفقار چیمہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین علامہ اقبال کونسل اسلام آباد ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا کہ جوقومیں اپنے محسنوں کو فراموش کردیں وقت انہیں ڈسٹبن میں پھینک دیتے ہیں۔

 عالمی سطح پر کانفرنسزمیں عالمی سطح کے دانشور جب ہمیں ملتے ہیں توکہتے ہیں کہ آپ پاکستانی احسان فراموش ہیں کہ آپ نے ڈاکٹر علامہ محمداقبال جیسے عظیم محسن کو فراموش کردیاہے حتیٰ کے اسے اپنے نصاب سے بھی نکال دیاہے ۔علامہ اقبال کہتے تھے کہ سب سے بڑی بیماری مرعوبیت اور احساس کمتری ہے ، قائد اور لیڈر ایساہونا چاہیے کہ جس کے دامن پر کوئی داغ اور دل میں کوئی خوف نہ ہو،جس کے دامن پر نہ مالی کرپشن کا کوئی داغ ہو اور نہ ہی اخلاقی کرپشن کا داغ ہو،جس شخص کے دامن پر مالی یا اخلاقی کرپشن میں سے کوئی ایک بھی داغ ہو،ایساشخص مقبول تو ہوسکتا ہے مگروہ نہ کسی ملک کے مسائل حل کرسکتا ہے اور نہ کسی قوم کی تقدیر بدل سکتا ہے یہ تاریخ کا اٹل اصول ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے دفترمشیر امورطلبہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام آڈیوویژول سینٹر جامعہ کراچی میں منعقد لیکچر بعنوان: علامہ محمد اقبال،شخصیت اور پیغامسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ذوالفقاراحمد چیمہ نے کہا کہ عزت اور وقار کے ساتھ زندہ رہنے کے لئے کشکول توڑنا ہوگا۔کوئی شک نہیں کہ علامہ اقبال مصورپاکستان،مفکر پاکستان تھے اور علیحدہ ریاست کا سب سے پہلے نظریہ انہوں نے پیش کیا،مگروہ صرف برصغیر یاپاکستان،ہندوستان نہیں بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے قدرت کا ایک عظیم تحفہ تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں