بحری امور میں شفافیت کیلئے سیل قائم، بوٹ بیسن جیٹی کا افتتاح

کراچی (بزنس رپورٹر)وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے کہا ہے کہ وزارت میں شفافیت، عوامی رسائی اور مؤثر جواب دہی کو فروغ دینے کے لیے شکایت سیل قائم کر دیا گیا ہے ، تاکہ شہریوں کی شکایات اور تجاویز کا بروقت حل ممکن بنایا جا سکے ۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اقدام وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے تحت ادارہ جاتی اصلاحات کا تسلسل ہے ۔ملکی دفاع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بحری، بری اور فضائی افواج ہر قسم کی بیرونی جارحیت سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے کسی قسم کا مہم جوئی پر مبنی قدم اٹھایا تو اسے اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ قومی ایمرجنسی یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ۔ عالمی تجارتی راستوں پر حالیہ احتجاج کے باعث تاخیر سے متاثر ہونے والی شپمنٹس پر ڈیمرج اور ڈیٹینشن چارجز میں چھوٹ کی درخواستوں پر غور کیا جا رہا ہے ۔وفاقی وزیر نے کراچی کے علاقے کیماڑی میں جدید طرز پر تعمیر شدہ بوٹ بیسن جیٹی کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر ایک ارب روپے سے زائد لاگت آئی ہے ، جو کراچی پورٹ ٹرسٹ کی شہری ترقی میں خدمات کا مظہر ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی پورٹ کی تاریخی عمارت کو میرین میوزیم میں تبدیل کیا جائے گا ۔