لائن پھٹنے سے جامعہ کراچی کی اسٹاف کالونی ڈوب گئی شہر کا پانی 4دن کیلئے بند
کراچی (اسٹاف رپورٹر،آ ئی این پی)جامعہ کراچی کے قریب واٹر کارپوریشن کی مرکزی لائن پھٹ گئی جس سے لاکھوں گیلن پانی ضائع ہو گیا اورایک کلو میٹر تک کا علاقہ زیرآب آگیا ۔ پانی اسٹاف کالونی میں موجود اساتذہ کے گھروں میں داخل ہوگیا اور گھر میں زیر استعمال اشیا خراب ہوگئی۔
پانی کی وجہ سے متعدد اساتذہ دوسری جگہ منتقل ہونا شروع ہوگئے ۔لائن پھٹنے سے آج شہرکے بیشتر علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر رہے گی۔ واٹر کارپوریشن کا دعویٰ ہے لائن آئندہ 96 گھنٹوں میں بحال کردی جائے گی۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق جامعہ کراچی کے قریب واقع واٹر کارپوریشن کی 84 انچ قطر کی لائن سائفن نمبر 19 لیک ہوگئی ہے ۔سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو متاثرہ لائن کی مرمت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ترجمان کے مطابق عملے کی بحفاظت اور مؤثر انداز میں مرمتی کام کرنے کے لیے پانی کا پریشر کم کردیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مرمت کا کام چوبیس گھنٹے بلا تعطل جاری رہے گا اور اسے 96 گھنٹوں کے اندر مکمل کرلیا جائے گا ۔ترجمان نے بتایا کہ مرمتی کام کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی جزوی طور پر معطل رہے گی ،متاثرہ علاقوں میں چنیسر ٹاؤن، جناح ٹاؤن، لیاقت آباد ،ناظم آباد ،پاک کالونی، گولیمار، شیر شاہ، اولڈ سٹی ایریا، لانڈھی، کورنگی اور پی اے ایف بیس مسرور شامل ہیں۔ واضح رہے کہ شہر کو یومیہ ٹوٹل 650 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ مرمتی کام کے باعث شہر کو یومیہ 250 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہوگا جب کہ شہر کو 400 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ ترجمان نے شہریوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پانی کا ذخیرہ کریں اور اسے احتیاط سے استعمال کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے ۔