سندھ :عالمی یومِ مزدور پر ریلیاں، شکاگو کے شہداء کو خراج عقیدت
لاڑکانہ /سکھر /میرپور خاص /حیدرآباد /جھڈو / کنڈیارو / بلڑی کریم شاہ (نمائندگان دنیا، بیورو رپورٹ)سندھ بھر میں یومِ مزدور کے ۔۔
موقع پر مختلف شہروں میں مزدور تنظیموں نے ریلیاں نکال کر شکاگو کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور حکومت سے محنت کشوں کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا۔لاڑکانہ میں واپڈا ہائیڈرو یونین، این سی ایچ ڈی، سی بی اے ، ہائی ویز ورکس انقلابی گروپ اور پیپلز لیبر بیورو کی جانب سے متعدد ریلیاں نکالی گئیں جن میں اجرتوں میں اضافے ، سوشل سیکیورٹی، ای او بی آئی کارڈز کی فراہمی اور ٹھیکیداری نظام کے خاتمے کے مطالبات کیے گئے۔ سکھر میں لیبر فیڈریشن اور میونسپل ورکرز کی جانب سے نکالی گئی ریلیوں میں محنت کشوں نے سرخ جھنڈے اٹھا کر نعرے بازی کی اور شکاگو کے شہداء کو سلام پیش کیا۔ میرپور خاص میں ڈسٹرکٹ لیبر آفس کے اشتراک سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جہاں مقررین نے مزدوروں کی جدوجہد کو سراہا۔ حیدرآباد میں مزدور یونینز نے پریس کلب تک مارچ کیا، جھڈو، کنڈیارو اور بلڑی کریم شاہ میں بھی چھوٹے پیمانے پر ریلیاں نکالی گئیں جن میں مقامی مزدور رہنماؤں نے خطابات کرتے ہوئے مزدور دشمن پالیسیوں پر تنقید کی۔تمام شہروں میں ایک ہی مطالبہ گونجتا رہا: \"محنت کش کو عزت دو، حقوق دو!\" رہنماؤں نے مزدوروں کی فلاح کے لیے حکومتی اقدامات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے لیبر قوانین پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔