بس الٹنے سے 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق، 17 زخمی

 بس الٹنے سے 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق، 17 زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلشن حدید لنک روڈ سمندر بابا مزار کے قریب مسافر بس الٹنے سے دو خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے۔

جاں بحق افراد میں 59 سالہ عبدالغفور،25 سالہ غلام فرید،35 سالہ کوثر زوجہ سعید اور 60 سالہ پنا زوجہ محمد علی شامل ہیں جبکہ حادثے کے 17زخمیوں کو شہرکے مختلف سرکاری اور نجی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ڈی ایس پی ٹریفک اسٹیل ٹاؤن فصیح الدین کے مطابق حادثے کی شکار بس شکار پور سے آرہی تھی،سمندری بابا مزار کے قریب تیز رفتار بس اچانک کھائی میں اتر کر الٹ گئی ۔ڈی ایس پی ٹریفک کے مطابق ممکن ہے کہ ڈرائیور کو نیند آگئی ہو جس کے باعث حادثہ پیش آیا تاہم ڈرائیور کے ہوش میں آنے پر مزید تحقیقات کی جائیں گی۔ڈی ایس پی فصیح الدین نے بتایا کہ حادثہ صبح 6 بجے کے قریب پیش آیا تاہم اس وقت ٹریفک پولیس کی جانب سے پٹرولنگ نہیں کی جاتی۔متاثرہ بس کو ہٹانے کے لیے ہیوی کرین طلب کی گئی ہے ۔علاوہ ازیں گھگھر پھاٹک یو ٹرن کے قریب ٹریفک حادثہ نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک شخص جاں بحق دوسرا زخمی ہوگیا۔جاں بحق شخص کی شناخت صواب خان جبکہ زخمی کی منظور حسین کے نام سے ہوئی لاش اور زخمی شخص کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔مزید برآں منگھو پیر نہر سے ڈوبی ہوئی ایک لڑکے کی لاش برآمد ہوئی۔ لاش کی شناخت 12 سالہ مختیار ولد راجہ کے نام سے ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں