وکلا نے سندھ کے 6 کروڑ عوام کی زندگی بچائی، حلیم عادل شیخ

وکلا نے سندھ کے 6 کروڑ عوام کی زندگی بچائی، حلیم عادل شیخ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے سٹی کورٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری رحمن کورائی اور دیگر بار عہدیداران سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد حلیم عادل شیخ نے وکلا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی بار کی حالیہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وکلا نے بانی پاکستان محمد علی جناح کی پیروی کرتے ہوئے سندھ کے عوام کے بنیادی حقوق کی جنگ لڑی ہے ۔ انہوں نے پانی کے تحفظ کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وکلا نے سندھ کے چھ کروڑ عوام کی زندگی بچائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی بار نے قومیت اور لسانیت سے بالاتر ہو کر عوامی مفاد میں آواز بلند کی۔ تحریک انصاف رہنما نے بتایا کہ ارساکے معاملے پر صدر عارف علوی نے دستخط نہیں کیے تھے جبکہ سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی نے اس کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی۔ کراچی بار کے صدر عامر نواز وڑائچ نے کہا کہ دریائے سندھ پر کسی بھی کینال کی تعمیر قبول نہیں کی جائے گی۔ اگر چھ کینالز بن جاتیں تو سندھ کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس جاتے ۔ انہوں نے کہا کہ بار کی قراردادوں اور کنونشنز کو نظرانداز کر کے انہیں دھرنے پر مجبور کیا گیا لیکن اس عوامی تحریک میں سندھ بھر کے لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔ کراچی بار کے جنرل سیکریٹری رحمن کورائی نے کہا کہ تمام مسائل کی جڑ 26ویں آئینی ترمیم ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں