جامعہ کراچی کے قریب ٹوٹی لائن کی مرمت مکمل ، پانی کی سپلائی معمول پر آنا شروع
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹر کارپوریشن نے جامعہ کراچی کے قریب ٹوٹی 84 انچ پانی کی لائن کا مرمتی کام اتوار کی رات تک مکمل کرلیا ہے جس کے بعد شہر میں پانی کی سپلائی معمول پر آنا شروع ہوگئی ہے اتوار کو شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی کی قلت کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی واٹر کارپوریشن کی انتظامیہ نے اتوار کو گلشن اقبال میں ٹوٹی 84انچ لائن کی مرمت کام مکمل کرلیا ہے جس کے بعد شہر میں پانی کی صورتحال معمول پر آنا شروع ہوگئی ہے گلشن اقبال میں مرکزی پانی کی لائن ٹوٹنے کی وجہ سے گلشن اقبال، گلستان جوہر، لیاقت آباد ، ملیر ، صدر ، لائزایریا اور اولڈ سٹی میں اتوار کو پانی کی قلت کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں پانی سپلائی کے انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہر میں پانی کے مسائل کا خاتمہ ہوسکے۔