وزیراعلیٰ کا باکسرعثمان وزیر کی مکمل سرپرستی کا اعلان
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستانی باکسر عثمان وزیر سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی اور بینکاک میں بھارتی باکسر ایشوران کے خلاف حالیہ فتح پر انہیں مبارکباد دی۔
اس ملاقات میں صوبائی وزیر کھیل محمد بخش خان مہر، رکن سندھ اسمبلی آصف موسیٰ اور وزیراعلیٰ کے سیکریٹری رحیم شیخ بھی موجود تھے ۔ عثمان وزیر ویلٹر ویٹ کیٹیگری کے باکسر ہیں، نے پہلے راؤنڈ میں بھارتی باکسر کو ناک آؤٹ کر کے فتح حاصل کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس کامیابی کو ’’بھارت کے جنگی جنون کے دوران پاکستان کی پہلی بڑی اسپورٹس کامیابی‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے عثمان کی کارکردگی کو قومی فخر کا لمحہ قرار دیتے ہوئے سندھ حکومت کی مکمل سرپرستی کا اعلان کیا۔ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ عثمان وزیر کو ورلڈ اوپن چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے بھیجا جائے گا، تاکہ ان کی عالمی رینکنگ میں بہتری آئے ۔ انہوں نے مالی امداد اور جدید ٹریننگ سہولیات دینے کا بھی اعلان کیا۔ عثمان وزیر نے وزیراعلیٰ سندھ کو وہ باکسنگ گلوز پیش کیے جن سے انہوں نے بھارتی باکسر کو شکست دی تھی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وہ گلوز پہن کر پنچ کا انداز اپنایا اور عثمان کی فتح پر خوشی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں آپ کی محنت اور فتح پر فخر محسوس کرتا ہوں۔ یہ آپ کی مسلسل 16ویں کامیابی ہے جو ملک و قوم کے لیے باعثِ فخر ہے ۔انہوں نے وزیر کھیل کو ہدایت کی کہ عثمان وزیر کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کی جائے اور حکومت کی مکمل معاونت فراہم کی جائے ۔