جامعہ کراچی میں پھٹنے والی آبی لائن کی فوری مرمت کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کے فور توسیعی منصوبے پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی اور کراچی یونیورسٹی میں پانی کی لائن پھٹنے پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے واٹر بورڈ کو فوری مرمت اور پانی کی فراہمی بحال کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ناقابل قبول ہے کہ ہر روز کسی نہ کسی جگہ پانی کی بڑی لائن پھٹ جاتی ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کے فور توسیعی منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی میں پانی کے بحران کے حل کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ انتظامی رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں اور محکمہ بلدیات کو ٹینڈرنگ کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔دوسری جانب وزیراعلیٰ نے نیشنل گیمز 2025 کے لیے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کی اور کراچی کو 6 سے 13 دسمبر 2025 تک گیمز کی میزبانی کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کھلاڑیوں کی تربیت، طبی سہولتیں، اور جدید انفراسٹرکچر فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے نئے سوئمنگ پول کی تعمیر اور الیکٹرانک ٹائمنگ سسٹمز کی فراہمی کا اعلان کیا۔ پی او اے کے صدر عارف سعید نے نیشنل گیمز کے انعقاد پر حکومت سندھ کے عزم کو سراہا اور کہا کہ یہ ایونٹ کھلاڑیوں میں جوش و جذبہ پیدا کرے گا۔