جیکب آباد :سرکاری دفتر کی عمارتوں پر قبضے کی سازش بے نقاب

جیکب آباد :سرکاری دفتر کی عمارتوں پر قبضے کی سازش بے نقاب

جیکب آباد(نمائندہ دنیا )جیکب آباد میں سرکاری دفاتر کی عمارتوں پر قبضے کی مبینہ منصوبہ بندی سامنے آئی ہے ،جس کے تحت عمارتوں کی خستہ حالی کو جواز بنا کر انہیں نجی بنگلوں میں منتقل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

باوثوق ذرائع کے مطابق قبضہ مافیا اور چند افسران کی ملی بھگت سے اس عمل کو ممکن بنایا جا رہا ہے ، جہاں بھاری رشوت کے عوض اعلیٰ حکام کو دفتر کی منتقلی کے لیے قائل کیا جاتا ہے ۔اس سلسلے میں ای ٹی او جیکب آباد نے دفتر کی مرمت کرانے کے بجائے ڈائریکٹر ایکسائز لاڑکانہ کو خط لکھ کر دفتر کسی اور عمارت میں منتقل کرنے کی سفارش کی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ نجی عمارت میں منتقلی کے بعد بھاری کرایہ طے کیا جاتا ہے ، جس میں سے ایک خاص حصہ ملوث افسر کو بطور حصہ دیا جاتا ہے ۔شہری و سماجی حلقوں نے اس اقدام کو کھلی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب بلدیہ خود کرایہ لیتی ہے اور سرکاری عمارتوں کی مرمت کے لیے ہر سال کروڑوں روپے بجٹ میں رکھے جاتے ہیں، تو مرمت کے بجائے نجی عمارتوں میں منتقلی کا کیا جواز ہے ؟ رواں مالی سال میں بھی بلدیہ نے جائیدادوں کی مرمت کے لیے 2 کروڑ 35 لاکھ 25 ہزار روپے مختص کیے ہیں، مگر ان فنڈز کا شفاف استعمال نہیں کیا جا رہا۔شہریوں نے وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ اور وزیر بلدیہ سعید غنی سے فوری نوٹس لینے اور سرکاری دفاتر کی نجی عمارتوں میں منتقلی کی سازش ناکام بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں