قائدآباد سے بچوں کے اغوا میں ملوث میاں بیوی گرفتار،2لڑکیاں بازیاب

قائدآباد سے بچوں کے اغوا میں ملوث میاں بیوی گرفتار،2لڑکیاں بازیاب

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں بچوں کے اغوا میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کرکے دو مغوی لڑکیوں کو بازیاب کروا لیا گیا۔ڈسٹرکٹ ملیر انویسٹی گیشن پولیس نے بچوں کے اغوا میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کرکے ان کے گھر سے 2 مغوی لڑکیوں کو بازیاب کرایا، جن میں ایک کو 3 سال قبل اغوا کیا گیا تھا۔

ترجمان ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ ملیر کے مطابق قائد آباد کے علاقے مجید کالونی سے 14 سالہ لائبہ بتول کے اغوا کا مقدمہ قائد آباد تھانے میں مغویہ کے بھائی محمد منشی خان کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا ۔دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ لڑکی کے لاپتا ہونے کے بعد محلے کی ایک فیملی نے نقل مکانی کی تھی اور اس شک کی بنیاد پر انویسٹی گیشن پولیس نے اغوا کا سراغ لگایا۔خفیہ ذرائع سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر چھاپا مار کارروائی کے دوران نو عمر لڑکی لائبہ بتول کو نقل مکانی کرنے والی فیملی کے قبضے سے بحفاظت بازیاب کر کے ملزم ساجد ولد الطاف حسین اور اس کی اہلیہ حسینہ عرف صائمہ زوجہ ساجد کو گرفتار کیا ۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 3 سال قبل سکھن تھانے کی حدود سے لاپتا ہونے والی رینا دختر الیاس کو بھی بازیاب کر کے اپنی تحویل میں لے کر اس کے اہلخانہ کی تلاش شروع کردی جب کہ رینا کے اہلخانہ نے اس کے اغوا یا گمشدگی کا مقدمہ درج نہیں کرایا تھا ۔ترجمان کے مطابق بازیاب لڑکیوں کو مجاز عدالت میں بیان قلمبند کرنے کے لیے پیش کیا جائے گا جبکہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے ۔علاوہ ازیں کلفٹن پولیس نے اغوا کی گئی پانچ سالہ بچی کو 72 گھنٹوں کے اندربحفاظت بازیاب کر لیا اور ملزم رکشا ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے ترجمان کے مطابق، یہ واقعہ کلفٹن کے علاقے خیابان شمشیر فیز 5 میں پیش آیا، مغویہ بچی کی والدہ کے مطابق، ان کی بیٹی 7 سالہ بھائی کے ہمراہ بدر کمرشل سے کھانا کھا کر واپس آرہی تھی، کہ ایک رکشا ڈرائیور نے انہیں سواری کی پیشکش کی۔راستے میں، رکشا ڈرائیور نے بچی کے بھائی کو 50 روپے دے کر قریبی دکان سے بسکٹ خریدنے بھیجا اور اسی دوران بچی کو اغوا کر کے فرار ہو گیا۔پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقدمہ درج کر لیا اور72 گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد پولیس نے رکشا ڈرائیور نذیر کو گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے اغوا میں استعمال ہونے والا رکشا بھی برآمد کر لیا۔مزید برآں ملزم کے قبضے سے دو جعلی پریس کارڈز بھی برآمد ہوئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں