اسٹیل ملز سے قیمتی دھاتیں چرانے والا7رکنی گروہ گرفتار،سہولت کار2پولیس اہلکار معطل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بن قاسم پولیس اور اسٹیل مل سیکیورٹی نے اسٹیل ملز سے قیمتی لوہا و تانبہ چوری کرنے والا گروہ گرفتار کرلیا۔۔۔
چوروں کا ساتھ دینے پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملیر نے ایس آئی او بن قاسم اور ایک اے ایس آئی کو معطل کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق بن قاسم پولیس نے کامیاب کارروائی کے دوران اسٹیل ملز کے قریب گشت کے دوران 7 رکنی لوہا چوروں کے منظم گروہ کو گرفتار کرلیا جو قیمتی دھاتیں چوری کرنے میں ملوث تھا۔ گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت اسٹیل ملز سے قیمتی سامان چوری کرتے رہے ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ بریکر چیمبر، سرکٹس برآمد کر لیے ہیں ۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد شکور عرف مکھنہ، رادن، لیاقت، شہزاد، عبد الفتح، قاسم علی اور قدیر کے نام سے ہوئی ہے ۔گرفتار ملزمان قیمتی سامان شہر کے مختلف گوداموں میں فروخت کرتے تھے ۔ گرفتار ملزم شکور عرف مکھنہ پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے ۔ بن قاسم پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے ۔علاو ازیں ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملیر حسیب جاوید سومار میمن نے لوہا چوروں کا ساتھ دینے پر ایس آئی او بن قاسم سب انسپکٹر خالد الرحمن اور اے ایس آئی غلام عباس کو فوری طورپر معطل کردیا اور ان کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہے جب کہ انسپکٹر لونگ خان کو ایس آئی او بن قاسم اورانسپکٹر جمشید چیمہ کو ابراہیم حیدری مقرر کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔