اسجد محمود کو یرغمال بنانے کی کوشش ریاستی ناکامی،جے یو آئی

اسجد محمود کو یرغمال بنانے کی کوشش ریاستی ناکامی،جے یو آئی

جیکب آباد(بیورو رپورٹ)جمعیت علماء اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل راشد محمود سومرو نے سربراہ جے یو آئی(ف)مولانا فضل الرحمان کے۔۔

 صاحبزادے مولانا اسجد محمود کو قومی شاہراہ پر دن دہاڑے مسلح افراد کی جانب سے یرغمال بنانے کی کوشش پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کو ریاستی اداروں کی ناکامی قرار دیا ہے ۔ اپنے بیان میں راشد سومرو نے کہا کہ اسجد محمود جیسے اہم مذہبی و سیاسی رہنما پر حملے کی کوشش اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں قانون نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی اور قائدین بھی غیر محفوظ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ صرف ایک شخص پر حملہ نہیں بلکہ پورے سیاسی و جمہوری نظام پر حملہ ہے ۔جے یو آئی سندھ کے پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری نے بھی واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حکومت کی رٹ ختم ہو چکی ہے ، عوام اور قائدین دونوں دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہیں۔راشد سومرو نے سندھ میں بھی بڑھتی ہوئی بدامنی پر آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ جیکب آباد، کندھکوٹ اور دیگر شہروں میں ہندو برادری کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے ، جس پر حکومت کی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کو ریاستی مفادات کے تحفظ اور قیام امن کے بدلے سزا دی جا رہی ہے ، اور قائدین کو جان بوجھ کر غیر محفوظ بنایا جا رہا ہے جو کسی گہری سازش کا حصہ معلوم ہوتی ہے ۔جے یو آئی رہنماؤں نے حکومت اور سیکورٹی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مولانا اسجد محمود پر حملے کی کوشش کا فوری نوٹس لیا جائے ، ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے اور پارٹی قائدین کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں