عالمی منظرنامے کے پیش نظر محتاط رہا جائے ،آئی جی

کراچی (این این آئی)آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیرصدارت محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات پر شیعہ مکتب فکر کے علما واکابرین کے ساتھ اجلاس کا انعقاد کیا۔
اجلاس کے شرکا نے آپریشن بنیان المرصوص میں پاک فوج کی جانب سے بھارتی غرور خاک میں ملانے پر اظہار تشکر اور ملک کی سلامتی کے لئے دعا کی۔ شرکا نے متعلقہ اضلاع و ڈویژن میں پولیس سکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔ شرکا کی جانب سے پولیس و قانون نافذ کرنیوالے دیگراداروں کو سکیورٹی انتظامات کے دوران ہرممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وفود نے کہا کہ محرم مجالس، جلوسوں اور دیگر اقدامات میں رضاکار متعلقہ پولیس کے شانہ بہ شانہ رہیں گے ۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ ماضی میں محرم الحرام کے دوران شیعہ مکتبہ فکر اور پولیس کے درمیان مثالی تعاون رہا ہے ۔آپ سے گزارش ہے کہ کسی بھی شرپسندی کا شکار نہ ہوں،قانون کو اپنا کام کرنے دیں۔ ہم نے ماضی میں بھی دہشت گردی کو شکست دی ہے اور انشاللہ اب بھی دیں گے ۔سندھ پولیس،قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں اورسکیورٹی ایجنسیز شب و روز اپنا کام کررہی ہیں۔ عالمی منظرنامہ کے پیش نظر زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں پولیس سے رابطہ کریں۔ تفرقہ پھیلانے اور امن و امان کے حالات کو سبوتاژ کرنیوالے عناصر پر کڑی نگاہ رکھی جائے ۔علما،ذاکرین اپنے اجتماعی کردار سے محرم سال 2025 کو پرامن اور محفوظ بنائیں۔