میرپورخاص:گیس لیکیج سے دھماکہ، 7 افراد زخمی، 2کی حالت نازک

میرپورخاص(بیورو رپورٹ)میرپورخاص کے علاقے حمید پورہ میں سوئی گیس لیکیج کے باعث ایک گھر میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہو گئے جن میں 2 کی حالت تشویشناک ہے ۔
واقعے کے بعد ریسکیو ادارے ، پولیس اور میئر موقع پر پہنچے ۔اطلاعات کے مطابق میرپورخاص کے علاقے حمید پورہ کالونی میں واقع ماسٹر یوسف ولد بشیر بشارتی کے گھر میں سوئی گیس لیکیج کے باعث اچانک زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں گھر کے اندر موجود 7 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں میں 3 خواتین، 2 مرد اور 2 بچے شامل ہیں، جن میں سے 2 زخمیوں کو تشویشناک حالت میں حیدرآباد ریفر کر دیا گیا۔دھماکے سے گھر کی چھت، کھڑکیاں، دروازے اور فرنیچر کو شدید نقصان پہنچا۔ اطلاع ملتے ہی قریبی مکین اے ایس آئی عباس علی عباسی، یوسی چیئرمین شفیق احمد اور وائس چیئرمین آفتاب احمد نے فوری طور پر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔واقعہ کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا جبکہ پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ابتدائی تفتیش کا آغاز کر دیا۔میرپورخاص کے میئر عبدالرؤف غوری زخمیوں کی عیادت کے لیے فوری طور پر اسپتال پہنچے اور عملے کو زخمیوں کو بہتر علاج فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔