سندھ ایمپلائز الائنس کا21 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان
حیدرآباد (نمائندہ دنیا) سندھ ایمپلائز الائنس نے اپنے مطالبات کے حق میں 21 جولائی کو ایوان صدر اسلام آباد پر احتجاجی دھرنے کا اعلان کردیا۔
یہ اعلان سندھ ایمپلائز الائنس کے چیئرمین حاجی محمد اشرف خاصخیلی نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ الائنس کے سیکرٹری اقبال احمد پنہور اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ حاجی محمد اشرف نے کہا کہ جمہوریت کی دعویدار سندھ حکومت نے سندھ دشمن بجٹ پیش کیا ہے جس میں سرکاری ملازمین کیلئے کچھ بھی نہیں بلکہ سندھ حکومت اور انشورنس کمپنیاں ملازمین کے پیسوں پر عیاشی کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا بلاول بھٹو وفاق سے ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ سندھ میں جہاں ان کی اپنی حکومت ہے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں صرف 10 فیصد اضافہ کیا ،اس ظلم کے خلاف احتجاج ہمارا آئینی حق ہے ، ہم 6 لاکھ سے زائد ایک گریڈ سے 22 گریڈ تک کے افسران اور ملازمین اور ساڑھے چار لاکھ ریٹائرڈ ملازمین کی حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور یہ جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک سندھ حکومت ملازمین کی تنخواہوں میں 70 فیصد اور پنشن میں 50 فیصد اضافہ نہیں کرتی، ہم نے محرم کے احترام میں کراچی دھرنے میں 5 روز کیلئے وقفہ کیا،دھرنا ختم نہیں کیا، وزیر اعلیٰ کی مذاکراتی ٹیم نے مسائل حل کی یقین دہانی کرائی مگر سندھ کابینہ اجلاس میں اس مسئلے پر کوئی بات نہیں کی گئی، اس لیے ہم نے ایوان صدر کے سامنے دھرنے کا اعلان کیا۔