میئر مرتضیٰ وہاب نے 140کلو واٹ کے سولر واٹر پمپنگ اسٹیشنز کا افتتاح کردیا
کراچی(این این آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ ملیر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔۔
جہاں انہوں نے دنبہ گوٹھ اور ہاشم گبول گوٹھ میں جدید سولر پمپنگ اسٹیشنز اور واٹر سپلائی اسکیمز کا افتتاح کردیا، ان منصوبوں کے ذریعے چالیس سے زائد گوٹھوں اور پچاس ہزار سے زائد افراد کو پینے کے صاف پانی کی سہولت فراہم کی جائے گی جس سے علاقہ مکینوں کی کئی دہائیوں پر محیط مشکلات کا خاتمہ ممکن ہوگا،افتتاح کے موقع پر میئر کراچی کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حکومت سندھ محکمہ توانائی کے تعاون سے 80 کلو واٹ کا سولر سسٹم دنبہ گوٹھ واٹر پمپنگ اسکیم اور 60 کلو واٹ کا سسٹم ہاشم گبول گوٹھ واٹر پمپنگ اسکیم پر نصب کیا گیا ہے ، اس منصوبے کی مجموعی لاگت 4 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے ،اس منصوبے سے سالانہ 11 لاکھ یونٹ بجلی پیدا کی جائے گی اور سالانہ 1 کروڑ 20 لاکھ روپے کی بچت ممکن بنائے گی اور سالانہ 212 ٹن کاربن کی پیداوار میں کمی آئے گی جو کہ ایک ماحول دوست عمل ہوگا، ان علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث پانی کی فراہمی شدید متاثر تھی، اس منصوبے کا مقصد دیہی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متاثر پانی کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔