جماعت اسلامی کے حقوق بلوچستان مارچ کا خیرمقدم

جماعت اسلامی کے حقوق بلوچستان مارچ کا خیرمقدم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی زیرقیادت جماعت اسلامی کے تحت کوئٹہ تا اسلام آبادحقوق بلوچستان لانگ مارچ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کسی ایک پارٹی یاقوم کا نہیں بلکہ پورے بلوچستان کے عوام کی دلوں کی آواز ہے ۔

صاف پانی کی فراہمی، صحت، تعلیم ،روزگاراورامن بلوچستان کے عوام کا بنیادی حق ہے اسی طرح اپنے ساحل و وسائل پربھی ان کا حق ملکیت تسلیم کیا جائے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بلوچستان ملک کا رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے مگر ایک بڑے عرصے سے محرومیوں، غربت وافلاس اور عدم مساوات کا شکار رہا ہے ۔ اس کی گود میں چھپے بے پناہ قدرتی وسائل کے باوجود یہاں کے عوام آج بھی بنیادی حقوق اور معاشی استحکام کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔بدامنی، کرپشن غربت سے لیکرمحرومیوں تک سندھ وبلوچستان کے دکھ درد ایک جیسے ہیں جس اصل وجہ عوام کی منتخب اوردیانتدار قیادت کافقدان ہے ۔صوبائی امیرنے پنجاب پولیس کی جانب سے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرنے اوررہنماؤں کی گرفتاریوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مسائل کو حل اوربات چیت کی بجائے حکمرانوں کا آمرانہ انداز حکمرانی ملک وقوم کے لیے مسائل پیداکررہا ہے ۔علاوہ ازیں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی بھاوج کی وفات پر کاشف سعید شیخ ،محمد یوسف،اسداللہ بھٹو نے دکھ کااظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں