حاضر سروس، ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت
لاڑکانہ (بیورورپورٹ) صوبائی محتسب اعلیٰ لاڑکانہ کے ریجنل ڈائریکٹر علی اکبر جاگیرانی نے کہا ہے کہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے مسائل بغیر کسی تاخیر کے حل کیے جائیں۔
ان کی تنخواہیں، پنشن، جی پی فنڈ اور دیگر واجبات بروقت ادا کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس لاڑکانہ میں ملازمین کے مسائل کے حوالے سے منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریباً 12 درخواستیں موصول ہوئیں جن کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے گئے ۔ ریجنل ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ پنشن کے کیسز سے متعلق ہمیں رپورٹ لکھ کر بھیجی جائے کہ کتنے کیسز جمع ہیں اور ان میں سے کتنے حل کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی جو بھی جائز شکایات ہیں انہیں قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد فوری طور پر حل کیا جائے اور ان میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے ، خاص طور پر عمر رسیدہ افراد اور پنشنرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم، پولیس، بیوہ خواتین اور دیگر محکموں کے ریٹائرڈ ملازمین نے اپنے مسائل کے حوالے سے شکایات بھی کیں، جنہیں سننے کے بعد موقع پر ہی احکامات جاری کیے گئے اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کو ہدایت دی گئی کہ ان کے مسائل فوری حل کیے جائیں۔ کھلی کچہری میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر الطاف حسین منگی، اسسٹنٹ اکاؤنٹس آفیسر کامران احمد سومرو اور متعلقہ محکمے کے دیگر ملازمین نے بھی شرکت کی۔